لیاقت پور(13 جولائی 2026): تھانہ سٹی کی حدود میں ایک کمسن بچی سے نازیبا حرکات کرنے والا ملزم گرفتاری کے دوران اپنی ہی پستول کی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا، جسے پولیس نے حراست میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ سٹی لیاقت پور کی حدود میں کمسن بچی سے نازیبا حرکات کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔ پولیس جب ملزم غلام محمد گورگیج کو گرفتار کرنے پہنچی، تو اس نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اپنے نیفے سے پستول نکالنے کی کوشش کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پستول نکالنے کے دوران اچانک گولی چل گئی، جس کے نتیجے میں ملزم خود ہی زخمی ہو گیا۔ پولیس نے زخمی ملزم کو فوری طور پر حراست میں لے کر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے اور واقعے کی مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے میں باپ نے مبینہ طور پر اپنی 11 سالہ بیٹی 15 لاکھ روپے کے عوض 78 سالہ شخص کو فروخت کردی۔
بارڈر ملٹری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 78 سالہ دولہے کو گرفتار کرلیا جبکہ باپ اور نکاح خواں سمیت دیگر فرار ہیں۔ ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے پھگلہ میں متاثرہ لڑکی کی والدہ نے بی ایم پی تھانہ پھگلہ میں درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا کہ اس کے شوہر نے 11 سالہ بیٹی کو 15 لاکھ روپے کے عوض ایک 78 سالہ شخص کو فروخت کردیا۔


