طرابلس(22 فروری 2026): لیبیا کے سمندر میں انسانیت ایک بار پھر دم توڑ گئی، بے رحم موجوں نے دو خواتین سمیت پانچ تارکین وطن کی لاشیں طرابلس کے قریب کے ساحل پر اگل دیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق لیبیا کے سمندر میں بہتر مستقبل کی تلاش میں نکلنے والے تارکین وطن کی ایک اور کشتی حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت پانچ افراد کی لاشیں طرابلس کے قریبی ساحل سے برآمد ہوئی ہیں۔
عینی شاہدین اور امدادی کارکنوں کے مطابق، سمندر کی لہروں نے ان لاشوں کو ساحل پر اگل دیا ہے۔ ایک دلخراش منظر اس وقت دیکھا گیا جب ایک لاش کے گرد ٹائر لپٹا ہوا پایا گیا، جسے مذکورہ شخص نے جان بچانے کے لیے سہارے کے طور پر استعمال کیا تھا مگر وہ ناکام رہا۔
عینی شاہدین نے یہ بھی بتایا کہ ایک معصوم بچے کی لاش بھی کنارے تک آئی تھی لیکن سمندر کی تند و تیز لہریں اسے دوبارہ اپنے ساتھ گہرے پانیوں میں بہا لے گئیں۔
مقامی پولیس اور حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سمندر میں مزید لاشیں بھی موجود ہو سکتی ہیں جو آنے والے وقت میں ساحل کا رخ کر سکتی ہیں۔
یورپ جانے کا خواب آنکھوں میں سجائے ان بدقسمت مسافروں کی شناخت تاحال ممکن نہیں ہو سکی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس واقعے کو ایک بار پھر بڑا انسانی المیہ قرار دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


