نئی دہلی : بھارت میں مشتعل افراد نے نوجوان کو تھوک چاٹنے اور گوبر کھانے پر مجبور کردیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ایک علاقے میں مشتعل افراد نے ایک نوجوان کو نادانستہ طور پر کی جانے والی غلطی کی کڑی سزا دے دی۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں مشتعل افراد ایک نوجوان کو زمین پر تھوک چاٹنے پر مجبور کررہے ہیں اور اس کے منہ میں گائے کا گوبر ٹھوستے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس نوجوان کا قصور اتنا تھا کہ اس نے بے دھیانی میں سڑک کے کنارے پان کی پیک پھینکی جس کی چھینٹیں ’رنگولی‘پر پڑیں۔
اس بات کی خبر ملتے ہی گاؤں والوں کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوگئی اور نوجوان کو زبردستی اس کا تھوک چاٹنے پر مجبور کر دیا گیا اور غصے میں اسے زبردستی گائے کا گوبر بھی کھلایا گیا۔
متاثرہ نوجوان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ یہ مزدوری کا کام کرتا ہے، ایک ٹھیکیدار اسے اپنے ساتھ کام پر لے گیا تھا راستے میں سڑک کے کنارے بنی رنگولی کے پاس پان کی پیک تھوک دی جس کے چھینٹے رنگولی پر پڑگئے۔
مشتعل گاؤں والوں نے نوجوان پر تشدد کے بعد اسے پولیس کے حوالے کیا، تاہم پولیس نے مذکورہ نوجوان اور اس پر تشدد کرنے والے کچھ افراد کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے۔