عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے ایک اور تاریخ رقم کردی، ارجنٹائن کے لیجنڈ کھلاڑی دنیا کے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں جنہوں نے آفیشل میچز میں 1300 کیریئر گول کنٹری بیوشنز مکمل کرلیے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیونل میسی نے انٹر میامی کی جانب سے کھیلتے ہوئے ایف سی سنسناٹی کے خلاف ایسٹرن کانفرنس کے سیمی فائنل میں اپنے فن کا بہترین مظاہرہ کیا، انٹر میامی نے یہ میچ 0-4 سے اپنے نام کیا، جس میں میسی نے ایک زبردست ہیڈر کے ذریعے گول کیا اور تین اہم اسسٹ فراہم کیے۔
رپورٹس کے مطابق 38 سالہ فٹبالر اب تک 896 گولز اور 404 اسسٹ دے چکے ہیں، جو مجموعی طور پر 1300 کنٹری بیوشنز بنتے ہیں۔
واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کے کل کیریئر کنٹری بیوشنز 1213 ہیں جس میں 954 گولز اور 259 اسسٹ شامل ہیں، یوں میسی رونالڈو سے 87 کنٹری بیوشنز آگے ہیں، جبکہ انہوں نے رونالڈو کے مقابلے میں کم میچز کھیلے ہیں۔
میسی نے میچ کے بعد سوشل میڈیا پر لکھا کہ لیٹس گو، پوری ٹیم نے شاندار پرفارمنس ایسے حریف کے خلاف دکھائی جو ہمیشہ ہمارے لئے مشکلات کھڑی کرتا ہے۔
ہرمن پریت نے ورلڈ کپ جیت کر ’میسی‘ کی نقل اتار لی
رپورٹس کے مطابق اس کامیابی کے ساتھ انٹر میامی پہلی بار ایسٹرن کانفرنس فائنل میں پہنچ گئی ہے۔


