ارجنٹینا: فٹبال کی دنیا کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے اعتراف کیا ہے کہ مجھے اسکول کے زمانے میں انگریزی زبان نہ سیکھنے کا آج بھی افسوس ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی فٹ بال سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے 39 سالہ کھلاڑی لیونل میسی کے دل میں کچھ پچھتاوے بھی ہیں، ان میں سے ایک انگریزی زبان نہ سیکھنا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر میں کوئی دوسری زبان جانتا تو زندگی میں ملنے والی بعض غیر معمولی شخصیات سے براہِ راست گفتگو کر سکتا تھا لیکن زبان کی رکاوٹ کے باعث ایسا ممکن نہ ہو سکا۔
فٹبال کی دنیا میں نام کمانے کے باوجود میسی بنیادی طور پر ہسپانوی زبان ہی بولتے رہے، جہاں دوسری زبان میں گفتگو کی ضرورت پیش آتی، وہاں انہیں اکثر مترجم کا سہارا لینا پڑا۔
ایک انٹرویو میں اُن کا کہنا تھا کہ مجھے بہت سی باتوں کا افسوس ہے، بچپن میں انگریزی نہ سیکھنا بھی ان میں شامل ہے، میرے پاس کم از کم انگریزی پڑھنے کا وقت تھا، لیکن میں نے ایسا نہیں کیا، میں نے اس موقع سے فائدہ نہیں اٹھایا، مجھے اس بات کا بہت گہرا افسوس ہے۔
میسی اب اپنی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے اپنے بچوں کو انگریزی سیکھنے اور اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی تلقین کرتے ہیں۔
رونالڈو پر پابندی کیوں عائد کردی گئی؟
اسٹار فٹبالر کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ اپنے بچوں سے کہتا ہوں کہ اس موقع سے فائدہ اٹھاؤ، ان کے حالات مجھ سے مختلف ہیں، اگرچہ مجھے زندگی میں کبھی کسی چیز کی کمی نہیں رہی۔


