جمعہ, دسمبر 13, 2024
اشتہار

پستہ قامت افراد کا حکومت سے کوٹے کی ملازمتیں فراہم کرنے کا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد میں پستہ قد والے افراد کی تنظیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت سے کوٹے کے تحت مختص کردہ ملازمتیں فراہم کرنے کی درخواست کردی۔

تفصیلات کےمطابق کراچی میں پریس کلب میں لٹل پیپل آف پاکستان کے صدر کامران احمد خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے مسائل حکومت کے سامنے رکھ دیئے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ صرف کراچی میں اس وقت پانچ ہزار سے زائد پستہ قامت افراد موجود ہیں، جنہیں اپنے معاملاتِ زندگی گزارنے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ہمیں کھلونا سمجھتی ہے، جبکہ سرکار بھی ہمارا مضحکہ اڑاتی ہے۔

- Advertisement -

کامران احمد کا کہنا تھا کہ پستہ قامت افراد کے مسائل بے شمار ہیں۔ ہمیں سرکاری اور نجی دونوں طرح کی ملازمت سے محروم رکھا جاتا ہے، معذوروں کے لیے پانچ فیصد ملازمتوں کا کوٹہ مختص ہے لیکن سندھ اور وفاقی حکومت ہمیں نوکریاں دینے کے بجائے بیچ دیتی ہے۔

انہوں وزیراعظم اور صدرِ مملکت سے اپیل کی کہ ان کی درخواست کی سنوائی کرتے ہوئے انہیں فی الفور نوکری فراہم کی جائے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پستہ قامت افراد کو نہ تو نوکری میسر ہے ، اور نہ ہی ٹرانسپورٹ میں ان کے لیے سہولیات کا خیال رکھا جاتا ہے، نہ تعلیم اور نہ ہی صحت کی سہولت انہیں میسر ہے۔

کامران احمد نے انکشاف کیا کہ ہم جب بھی حکامِ بالا سے ملنے چاہتے ہیں تو ہمارا مذاق اڑایا جاتا ہے، حکومت بس یہ بتادے کہ روزگار نہیں ہوگا تو ہم اپنی گزر اوقات کیسے کریں گے۔

Comments

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں