کراچی : شہرقائد میں رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی شروع ہونے والے بجلی کے بدترین بحران پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا، کراچی میں روزے داروں نے دوسری سحری بھی موم بتیوں اور موبائل فون کی ٹارچوں کی روشنی میں کی۔
تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان میں بجلی کی اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کاسلسلہ رک نہ سکا،سحر،افطاراور تراویح کے اوقات میں بجلی کی بندش نے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز کردیا، کراچی والوں نے دوسری سحری بھی اندھیرے میں کی۔
کراچی کے مختلف علاقے ناگن چورنگی، نارتھ کراچی ،شاہ فیصل کالونی،لانڈھی لیبر اسکوائر میں بھی بجلی بند رہی، متاثرہ علاقوں میں نماز فجر تک بجلی کی فراہمی بحال نہ کی جا سکی۔
لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں کے مکینوں کا بھی بُراحال ہے، لوڈشیڈنگ کے لامتناہی سلسلے سے شہری شدید کرب میں مبتلا ہیں، لوڈشیڈنگ سے ستائے شہریوں نے احتجاج بھی کیا لیکن متعلقہ حکام کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی طویل بندش سے نہ صرف سحر و افطار میں مشکلات کا سامنا ہے بلکہ مساجد میں وضو کیلئے پانی کی دستیابی بھی محال ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے رمضان المبارک کے دوران سحر و افطار کے وقت بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔