راولپنڈی: یومِ یکجہتی کشمیر پر بھارت نے اپنی فطری شقاوت کا مظاہر ہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک شخص شہید جبکہ دو بچے زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ نشر و اشاعت کے مطابق بھارتی فور سز نے لائن آف کنٹرول پر واقع نیزہ پیر اور راولاکوٹ سیکٹر میں گزشتہ شب شہری آباد ی پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید ہوگیا جبکہ دو بچوں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج کے شیردل جوانوں نے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیا اور فائرنگ کرنے والی بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔ جس کے بعد دشمن کی توپیں خاموش ہوگئیں۔
یاد رہے کہ 28 جنوری 2018 کو بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرحد سے متصل مختلف علاقوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت تین پاکستانی شہری زخمی ہوگئے تھے۔
اس سے قبل 18 جنوری کو بھارت نے ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کی اور کندن پور، سیالکوٹ اور چپراڑ سیکٹرز پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 2 خواتین شہید جبکہ 5 شہری زخمی ہوگئے تھے جبکہ اس واقعے میں 3 خواتین بھی زخمی ہوئی تھیں۔
قبل ازیں 15 جنوری کو بھی بھارتی فوج نے ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کوٹلی سیکٹر پر مارٹر گولے فائر کیے تھے جس کے نتیجے میں 4 پاکستانی جوان شہید ہوگئے تھے۔اس روز بھی پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 3بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں