ایل اوسی پر بسنے والے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں: فردوس عاشق

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ایل اوسی پر بسنے والے مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ سینہ سپر ہیں، ان بہادر عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹ کیا کہ ایل اوسی پر بسنے والوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ایل اوسی پر شہریوں کو نشانہ بنانا بھارتی فوج کی سفاکی ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کے زخموں پر مرہم رکھنا وزیراعظم کے احساس کا مظاہرہ ہے، کابینہ نے ایل او سی پر بسنے والوں کے لیے خصوصی پیکج منظور کیا، خصوصی پیکیج خاندانوں کی فلاح و بہبود میں معاون ثابت ہوگا۔
لائن آف کنٹرول پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بھارتی فوج کی بے حسی اور سفاکی کو ظاہر کرتا ہے۔متاثرہ افراد کے زخموں پر مرہم رکھنا وزیراعظم عمران خان کے پرخلوص احساس کا مظاہرہ ہے۔
2/2
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) December 26, 2019
ان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت راشن اسکیم کے ذریعے معاونت کی جائے گی، 33 ہزار498 خاندانوں میں ہر شادی شدہ خاتون کی سہ ماہی مدد کی جائے گی، جبکہ ہرسہ ماہی خاتون کو 5ہزار روپے دیے جائیں گے، رقم کی ادائیگی 4 سہ ماہی تک جاری رہے گی۔
ایل او سی پر فائرنگ سے 2 جوان شہید، پاک فوج کا منہ توڑ جواب، 3 بھارتی فوجی ہلاک
خیال رہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کے سبب پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں پاک فوج نے 3 بھارتی فوجی مار دیے۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں بڑھتی جا رہی ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے حاجی پیر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔