کراچی: لاک ڈاؤن کے دوران اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں کمی کرکے تاجر برادری کو ریلیف فراہم کردیا جس پر کاروباری شخصیات وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق صنعت کار زبیر موتی والا سمیت دیگر کاروباری شخصیات نے اس اہم اقدام پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ شرح سود میں کمی سے تجارتی معاملات میں ریلیف ملے گا۔
زبیرموتی والا کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے بہت اچھا فیصلہ کیا ہے جس پر ہم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کو یہ فیصلہ بہت پہلے کر لینا چاہیے تھا۔
اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں 2 فیصد کمی کردی
خیال رہے کہ اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں 2 فیصد مزید کمی کردی جس کے بعد شرح سود کم ہوکر 9 فیصد ہوگئی ہے۔ بینک کے مطابق ایک ہفتے میں مرکزی بینک کے ذخائر میں 25 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ترجمان اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ مرکزی بینک کے ذخائر کی مالیت 10 ارب 97 کروڑ ڈالر ہوگئی، کمرشل بینکوں کے ذخائر 6 ارب 32 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئے، ذخائر کی مجموعی مالیت 17 ارب 29 کروڑ ڈالر ہوگئی۔