منگل, فروری 11, 2025
اشتہار

لندن، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے کارکنان کا آمنا سامنا

اشتہار

حیرت انگیز

لندن: برطانوی دارالحکومت میں واقع پارک لین میں تحریک انصاف کے کارکنان نے نوازشریف کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ مسلم لیگ ن کے کارکنان اپنے قائد سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پہنچے۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق لندن میں واقع ایون فیلڈہاؤس (حسن نواز کے دفتر) کے سامنے تحریک انصاف کے کارکنان نے نوازشریف کے خلاف احتجاج کیا۔

تحریک انصاف کے کارکنان نے نوازشریف اور مسلم لیگ ن کے بیانیے کے خلاف علم بغاوت بلند کرنے والے رکن صوبائی اسمبلی جلیل شرقپوری کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں۔

مظاہرین حسن نواز کے دفتر کے سامنے جمع ہوئے تو مسلم لیگ ن کے کارکنان بھی نوازشریف سے اظہارِ یکجہتی کے لیے وہاں پہنچ گئے جس کے بعد دونوں جماعتوں کے کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی۔

دونوں فریقین کے درمیان کشیدگی بڑھی تو برطانوی پولیس ایون فیلڈ کے باہر پہنچ گئی اور مظاہرین کو دور کر کے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کے سابق سینئر رہنما کے صاحبزادے نے آج ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کے باہر نوازشریف کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا تھا، انہوں نے بتایا تھا کہ یہ مظاہرہ سماجی فاصلے کے ساتھ کیا جائے گا۔

قبل ازیں تحریک انصاف کے کارکنان کے متوقع احتجاج کے پیش نظر لندن میں مقیم نوازشریف نے چار نجی محافظوں کی خدمات حاصل کیں۔

میاں نوازشریف کی سیکیورٹی کیلئے چار باؤنسر حسن نواز کے دفتر پہنچ چکے ہیں جبکہ ن لیگی کارکنان بھی دفتر کے سامنے موجود ہیں۔

واضح رہے کہ نوازشریف آج پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ کے تحت ہونے والے گوجرانولہ جلسے سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کریں گے، اس ضمن میں حسن نواز کے دفتر میں خصوصی اسٹوڈیو قائم کیا گیا ہے۔

اہم ترین

مزید خبریں