باورچی خانے میں موجود عام اجزا نہ صرف کھانوں کا ذائقہ بڑھاتے ہیں بلکہ صحت اور خوبصورتی کے لیے بھی انتہائی مفید ہیں، جن میں میتھی کے بیج سر فہرست ہیں۔
ماہرینِ صحت کے مطابق میتھی پروٹین، نیکوٹینک ایسڈ، آئرن اور لیسیتھن سے بھرپور ہوتی ہے، جو بالوں کی صحت اور دیکھ بھال کے لیے انتہائی فائدہ مند ہیں۔ یہ بالوں کو گرنے سے روکنے اور جڑوں سے مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں گھنے اور چمکدار بناتی ہے۔
بالوں کی دیکھ بھال کے لیے میتھی کے چند اہم استعمال اور ان کے فوائد درج ذیل ہیں۔
بالوں کی نمی برقرار رکھنا: میتھی میں موجود لیسیتھین خشک اور بے جان بالوں کی گہرائی سے پرورش کرتا ہے۔ ایک چمچ پسی ہوئی میتھی کو دو سے تین کھانے کے چمچ گرم ناریل کے تیل میں ملا کر قدرتی کنڈیشنر بنایا جاتا ہے، جسے شیمپو کے بعد سر پر لگا کر 30 منٹ بعد دھو لیا جاتا ہے۔
بالوں کی نشوونما اور مضبوطی: پروٹین اور وٹامنز سے بھرپور میتھی کھوپڑی (اسکیلپ) میں خون کی گردش کو بہتر بناتی ہے۔ دو کھانے کے چمچ رات بھر بھگوئے ہوئے دانوں کا پیسٹ شیمپو سے پہلے بالوں کی جڑوں سے سروں تک لگانے سے پتلے اور ٹوٹنے والے بالوں کی نشوونما بہتر ہوتی ہے۔
خشکی کا خاتمہ: کھوپڑی کا اضافی تیل خشکی کا باعث بنتا ہے جسے میتھی صاف کرنے میں مدد دیتی ہے۔ تین چمچ بھیگی ہوئی میتھی میں آدھا چائے کا چمچ لیموں کا رس ملا کر پیسٹ بنائیں اور سر پر لگانے کے 15 منٹ بعد شیمپو کر لیں۔
بالوں کی چمک میں اضافہ: پھیکے اور خشک بالوں کو نرم اور چمکدار بنانے کے لیے میتھی کے بھگوئے ہوئے بیجوں کا چھانا ہوا پانی بالوں کو دھونے کے بعد آخری بار استعمال کیا جاتا ہے۔


