اتوار, مئی 10, 2026
اشتہار

امریکی ریاست لوئزیانا میں باپ کی فائرنگ، 8 بچے ہلاک

اشتہار

حیرت انگیز

لوزیانا (20 اپریل 2026): امریکی ریاست لوئزیانا میں فائرنگ سے 8 بچے ہلاک اور 2 خواتین زخمی ہو گئیں، فائرنگ کرنے والا شخص بھی ہلاک ہو گیا۔


امریکی ریاست لوئزیانا میں فائرنگ کے ایک افسوس ناک واقعے میں آٹھ معصوم بچے جاں بحق جب کہ 2 خواتین شدید زخمی ہو گئیں۔ پولیس کے مطابق ملزم، جو بچوں میں سے 7 کا باپ تھا، گاڑی چھین کر فرار ہونے کے بعد تعاقب کے دوران مارا گیا۔


شریوپورٹ میں پیش آنے والے اس واقعے کو حکام نے گھریلو تشدد کا واقعہ قرار دیا ہے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ دو مختلف گھروں میں علی الصبح ہوئی۔ حکام کے مطابق جاں بحق بچوں کی عمریں 3 سے 11 سال کے درمیان تھیں، جن میں 3 لڑکے اور 5 لڑکیاں شامل ہیں۔

پولیس چیف وین اسمتھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’میں نہیں جانتا کیا کہوں، میرا دل دہل گیا ہے، میں تصور بھی نہیں کر سکتا کہ ایسا واقعہ کیسے پیش آ سکتا ہے۔‘‘ پولیس نے ملزم کی شناخت شمر ایلکنز کے نام سے کی ہے۔ ترجمان کرسٹوفر بورڈیلون کے مطابق جاں بحق ہونے والے 8 بچوں میں سے 7 اسی کے اپنے تھے، جب کہ ایک بچہ کزن تھا۔

میکسیکو میں ٹریفک حادثہ، امریکی سفارتخانے کے 2 اہلکار، 2 میکسیکن افسران ہلاک


پولیس کے مطابق ملزم نے پہلے قریبی علاقے ہیرسن اسٹریٹ پر ایک خاتون کو گولی ماری، پھر ویسٹ 79ویں اسٹریٹ پر واقع گھر جا کر تمام بچوں کو قتل کر دیا۔ بعد ازاں ملزم نے اسلحے کے زور پر ایک شخص سے گاڑی چھینی اور فرار ہو گیا۔ پولیس نے تعاقب کے بعد پڑوسی علاقے بوسیئر پیرش میں اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔


پولیس کے بیان کے مطابق اہلکاروں کو مجبوراً سرکاری اسلحہ استعمال کرنا پڑا اور ملزم کو ہلاک کر دیا گیا۔ واقعے میں مجموعی طور پر 10 افراد کو گولیاں لگیں۔ ایک نوعمر لڑکا چھت سے گرنے کے باعث زخمی ہوا، تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔ زخمی ہونے والی خواتین میں ایک ملزم کی بیوی ہے، جسے چہرے پر گولی لگی، جب کہ دوسری خاتون اس کی مبینہ گرل فرینڈ بتائی جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق 7 بچوں کی لاشیں گھر کے اندر جب کہ آٹھویں بچے کی لاش گھر کی پچھلی چھت سے ملی۔ حکام کا کہنا ہے کہ بظاہر کئی بچوں کو نیند میں ہی گولیاں ماری گئیں اور زیادہ تر کو سر میں نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان نے جائے وقوعہ کو ’’انتہائی ہول ناک اور انسانیت سوز منظر‘‘ قرار دیا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں