بدھ, جولائی 15, 2026
اشتہار

پسند کی شادی کا بھیانک انجام، 18 سالہ لڑکی 3 ماہ بعد ہی شوہر کے تشدد سے قتل

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پسند کی شادی کرنیوالی 18 سالہ لڑکی کو شوہر کے تشدد سے جاں بحق ہوگئی ، تاہم مقدمے میں مقتولہ کے شوہر شہریار بٹ کو نامزد کردیا گیا۔

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں 18 سالہ لڑکی مصباح کی ہلاکت کے معاملے پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ مقدمہ مقتولہ کی والدہ شہناز زوجہ محمد آصف کی مدعیت میں تھانہ سرجانی ٹاؤن میں درج کیا گیا ہے، جس میں مقتولہ کے شوہر شہریار بٹ کو نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ مصباح نے 19 مارچ کو شہریار بٹ سے پسند کی شادی کی تھی، تاہم شادی کے بعد ہی شوہر نے اس پر تشدد اور مارپیٹ شروع کر دی تھی۔

مدعیہ نے بتایا کہ داماد انہیں بلیک میل کرتا تھا اور بعد میں معلوم ہوا کہ یہ اس کی چوتھی شادی تھی۔ وہ نئی موٹر سائیکل اور جہیز کا مطالبہ بھی کرتا رہا اور اہل خانہ کو دھمکیاں دیتا تھا۔

مقدمے کے مطابق 7 مئی کی صبح ایک نامعلوم خاتون نے ملیر سے فون کر کے اطلاع دی کہ مصباح زخمی حالت میں موجود ہے، خاتون نے مصباح سے بات کروائی تو اس نے بتایا کہ شوہر نے اسے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گھر سے نکال دیا ہے جبکہ مصباح نے اپنے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید چوٹوں کی بھی نشاندہی کی۔

مدعیہ کا مزید کہنا تھا کہ بعد ازاں ایک خاتون نے مصباح کو آن لائن گاڑی کے ذریعے سرجانی ٹاؤن روانہ کیا، جہاں اہل خانہ اسے اپنے گھر لے آئے۔

مصباح نے اہل خانہ کو بتایا کہ شوہر نے اس پر تشدد کیا اور پیچ کس سمیت دیگر اشیا سے بھی وار کیے۔

اہل خانہ نے زخمی مصباح کو نجی اسپتال منتقل کیا جہاں اس کا علاج کرایا گیا، تاہم 8 اور 9 مئی کی درمیانی شب اس کی حالت بگڑ گئی اور وہ دم توڑ گئی۔

بعد ازاں لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کر دی۔

مدعیہ نے الزام عائد کیا ہے کہ شہریار بٹ کے تشدد سے لگنے والی شدید چوٹوں کے باعث ان کی بیٹی جاں بحق ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں