بھارت کے مشہور گلوکار اور نغمہ نگار لکی علی کا کہنا ہے کہ تین شادیاں مختلف ممالک میں کیں لیکن تمام ہی طلاق پر ختم ہوئیں۔
لکی علی کو مداح ان کے لازوال گانے "او صنم” کے لیے جانتے ہیں لیکن بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ان کی تین شادیاں ہوئی تھیں اور یہ کہ ان کا افسانوی "ٹریجڈی کوئین” مینا کماری سے گہرا خاندانی تعلق ہے۔ ان کی والدہ مدھو کماری جنہیں ماہلیقہ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے مینا کماری کی بہن تھیں اور دونوں کے درمیان ایک لازم و ملزوم رشتہ تھا۔
لکی علی نے حال ہی میں اپنے سفر، شادیوں، کیرئیر، سے متعلق اظہار خیال کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ میں نے فلموں میں اداکاری کی اور گانے گائے لیکن آخر کار مجھے نہیں معلوم تھا کہ مزید کیا کرنا ہے۔ میں اپنے انداز میں گانا چاہتا تھا، 2015 میں، میں نے خود کو انڈسٹری سے دور کر لیا تھا لوگوں نے میرے ساتھ بدتمیزی کی تھی، میرے والد کی موت کے بعد محسوس کیا کہ وہاں میرے لئے کچھ نہیں بچا ہے۔
بالی ووڈ سے دور ہونے کے باوجود لکی ان تجربات اور لوگوں کے لیے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں پہچان دی۔
گلوکار نے کہا کہ میں برسوں بعد اپنی آواز تلاش کرنے کے لیے موسیقی کی طرف واپس آیا اور محسوس کیا تھا کہ اگر میرا ٹیلنٹ حقیقی ہے تو لوگ سنیں گے اگر نہیں، تو وہ مجھے مسترد کر دیں گے۔
یہ پڑھیں: ’دین پر عمل کرو تو۔۔۔۔‘ بھارتی گلوکار لکی علی نے کیا کہا؟
انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بھی کھل کر اعتراف کیا کہ ان کی کوئی بھی شادی کامیاب نہیں ہوئی۔ لکی نے پہلی شادی میگھن جین میک کلیری سے کی جس سے اس کے دو بچے تھے۔ ان کی دوسری شادی ایک فارسی خاتون عنایا سے ہوئی اور ان کے بھی دو بچے تھے۔ 2010 میں وہ برطانوی ماڈل اور سابق بیوٹی کوئین کیٹ الزبتھ ہالم کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھے جن سے ان کا ایک بیٹا ہے اور دونوں نے 2017 میں طلاق لے لی۔
لکی علی نے کہا کہ یہ ضروری نہیں ہے کہ آپ زندگی کا آغاز اور اختتام ایک ہی ساتھی کے ساتھ کریں، میں نے تین بار شادی کی ہر بار مختلف ملک میں اور ہر صورت حال منفرد تھی۔
گلوکار کے مطابق ان کے والد نے بھارت سے باہر شادی کی اس لیے ہمارے گھر کا ماحول بہت مغربی تھا، میری کوئی بھی شادی کامیاب نہیں ہوئی لیکن میرے تمام رشتے اب بھی زندہ ہیں، ہم ساتھ نہیں رہتے لیکن ہمیشہ ایک دوسرے کے لیے موجود ہیں، میں ہمیشہ اپنے بچوں کے لیے ذمہ دار رہا ہوں۔
واضح رہے کہ لکی علی کے والد، تجربہ کار اداکار محمود نے اپنی پہلی بیوی، مدھو کماری سے علیحدگی کے بعد امریکا کی رہائشی ٹریسی سے شادی کی تھی۔


