کراچی: لیاری نرسنگ کالج کی خاتون پرنسپل شبانہ محمد نے ٹرانسفر کے احکامات ہوا میں اڑا دیے، طلبہ ان کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق لیاری جنرل اسپتال میں لیاری نرسنگ کالج کی پرنسپل کے خلاف طالب علموں نے احتجاج کیا، خاتون پرنسپل شبانہ تبادلے کے باوجود کالج میں موجود ہیں، اور قواعد کے برعکس نرسنگ کالج کے انتظامی امور چلا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق خاتون پرنسپل کا تبادلہ ہو چکا ہے اس کے باوجود پوسٹنگ چھوڑنے کو تیار نہیں ہیں، اس سلسلے میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری ہو چکا ہے۔
مظاہرہ کرنے والے طلبہ نے بتایا کہ ان کے خلاف بلا جواز مقدمات قائم کیے گئے ہیں، اور تین چار ماہ سے شدید پریشانی میں مبتلا ہیں، اور انھیں کالج میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پرنسپل شبانہ کا تبادلہ نومبر میں لیاقت آباد کے سندھ گورنمنٹ اسپتال کے نرسنگ کالج میں کیا جا چکا ہے، جب کہ ان کی جگہ لیاری نرسنگ کالج میں ڈاکٹر ارشاد احمد کو پوسٹنگ دی گئی تھی، جو قطر اسپتال کے نرسنگ کالج کے پرنسپل تھے۔