سندھ میں ایم پاکس کی صورت حال سے متعلق محکمہ صحت نے اعدادوشمار کردیے ہیں۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبے میں اب تک ایم پاکس کے 122 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں سندھ میں ایم پاکس کے 25 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 9 اموات ہوچکی ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ایک کراچی اور ایک خیرپور سے سامنے آیا ہے۔
ضلع خیرپور سے سب سے زیادہ 18، سکھر سے 3 اور کراچی سے 4 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے باعث تمام بڑے اسپتالوں میں فوری آئسولیشن وارڈز قائم کردیے گئے ہیں۔
یہ پڑھیں: ڈبلیو ایچ او نے ’ایم پاکس ویکسین‘ کے استعمال کی منظوری دے دی
محکمہ صحت کے مطابق نمونہ جات کی ترسیل کے لیے مربوط نظام اور سرویلنس یونٹس فعال کردیے گئے ہیں، طبی عملے اور متاثرہ افراد کے قریبی رابطوں کی ٹریسنگ کا عمل جاری ہے۔
اسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول، آلات کی جراثیم کشی کا سخت نفاذ کیا جائے، متاثرہ علاقوں میں فعال کیسز کی تلاش کے لیے اقدامات تیز کردیے گئے ہیں۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ عوام اور طبی عملہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرے جبکہ علامات ظاہر ہونے پر فوری رجوع کریں، نوزائیدہ بچوں کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں


