The news is by your side.

Advertisement

سانحہ مچھ میں‌ ملوث ملزمان کی نشاندہی، بلوچستان حکومت نے عوام سے مدد مانگ لی

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے سانحہ مچھ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے شہریوں‌سے مدد طلب کرلی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان حکومت نے سانحہ مچھ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے شہریوں سے مدد مانگ لی۔

حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر انہیں سانحہ مچھ میں ملوث ملزمان کے حوالے سے کوئی معلومات ہیں تو فراہم کریں۔

بلوچستان حکومت نے کہا کہ ملوث ملزمان سے متعلق اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا اور اُسے صوبائی حکومت کی جانب سے 20 لاکھ روپے انعام بھی دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سات روز قبل بلوچستان کے علاقے مچھ میں واقع کوئلہ کی کان میں کام کرنے والے 11 مزدوروں کو نامعلوم افراد نے اغوا کیا اور پھر پہاڑوں پر لے جا کر اُن کے گلے کاٹ دیے تھے۔

مزید پڑھیں: سانحہ مچھ: وفاقی وزرا لواحقین سے ہونے والا معاہدہ سامنے لے آئے

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ دھرنا اور مظاہرین کے مطالبات میں بیرونی مداخلت کا انکشاف

دہشت گردوں نے کان کنوں کے گلے کاٹے اور پھر اُن کی لاشوں کو پہاڑوں پر چھوڑ کر ہی فرار ہوگئے تھے، واقعے میں مرنے والوں میں سے 7 کا تعلق افغانستان سے ہے جن کی لاشوں کی واپسی کے لیے حکومت کو افغانستان نے درخواست بھی بھیجی ہے۔

واقعے کے بعد لواحقین نے کوئٹہ کے مغربی نادرن بائی پاس پر 6 روز قبل دھرنا شروع کیا جو اب تک جاری ہے، لواحقین نے لاشوں کی تدفین وزیراعظم کی آمد سے مشروط کردی ہے جبکہ عمران خان نے واضح پیغام دیا کہ لواحقین لاشیں دفنا دیں تو وہ کوئٹہ کا دورہ کریں گے۔

حکومت کی جانب سے لواحقین سے مذاکرات کی متعدد بار کوشش کی گئی، اس سلسلے میں بلوچستان حکومت کے عہدیداران نے شہدا کمیٹی سے مذاکرات کیے جس میں ناکامی ہوئی، پھر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید مظاہرین کو منانے پہنچے مگر کامیابی نہ ملی سکی، بعد ازاں وزیراعلیٰ بلوچستان دبئی کا نجی دورہ مختصر کر کے دھرنا مظاہرین کے پاس پہنچے مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

وفاقی حکومت نے معاملہ سنبھالنے کے لیے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری کو بھی بھیجا، دونوں نے مظاہرین کو سمجھانے کی بہت کوشش کی مگر لواحقین اپنے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوئے۔

مزید پڑھیں: اپنے پیاروں کو اللہ کے حوالے کردیں، مریم نواز کی کوئٹہ مظاہرین سے ہاتھ جوڑ کر اپیل

اسے بھی پڑھیں: وزیراعظم کے آنے تک تدفین نہیں ہوگی، دھرنا کمیٹی اور لواحقین اپنے مطالبے پر برقرار

دوسری جانب علی زیدی نے دعویٰ کیا کہ مظاہرین اپنے پیاروں کی لاشیں دفنانا چاہتے ہیں مگر کچھ لوگ انہیں ایسا کرنے سے روک رہے ہیں اور وہ لاشوں کو بنیاد بنا کر اپنی سیاست چمکا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ مظاہرین سے اُن کی بات ہوئی ہے مگر چند ناعاقبت اندیش لوگوں نے سب کو روکے رکھا ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں