کراچی : ڈی آئی جی ایسٹ ثاقب اسماعیل میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں 6 سالہ ماہم کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم کا ڈی این اے میچ کرگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ایسٹ ثاقب اسماعیل میمن نے کراچی میں 6 سالہ بچی سے زیادتی کے بعد قتل کیس کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ماہم کے قتل کے بعد فوراًٍ ٹیم بنائی گئی، عرفان بہادر اورشاہنوازچاچڑ کے ہمراہ ٹیم بنائی۔
ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا تھا کہ ڈی این اے سیمپل جمع کیے گئے اور ملزم کو گرفتار کیا ، جس کا ڈی این اے میچ کرگیا ہے۔
یاد رہے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے دعویٰ کیا تھا کہ ننھی ماہم کے سفاک قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ڈی این اے رپورٹ کے بعد ملزم کی شناخت ظاہر کریں گے۔
واضح رہے گذشتہ ہفتے کراچی کے علاقے زمان ٹاؤن سے لاپتہ چھ سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی تھی، جس کے بعد بچی کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا ، جس میں لیڈی ایم ایل او ڈاکٹر ثمیہ نے بچی ماہم سے زیادتی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بچی سے پہلے زیادتی کی گئی اس کےبعد قتل کیا گیا۔
ایم ایل او نے ابتدائی رپورٹ اور ویڈیو بیان میں انکشاف کیا تھا کہ ماہم کو ناک اور منہ بند کرکے قتل کیا گیا اور قتل کےدوران ہی زور لگانے سےگردن کی ہڈی ٹوٹی۔