دبئی: معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے ایک اور بین الاقوامی اعزاز اپنے نام کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ ماہرہ خان کو ڈسٹنکٹیو انٹرنیشنل عرب فیسٹیول میں ایوارڈ سے نوازا گیا ہے انہیں یہ ایوارڈ فلم انڈسٹری میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔
ڈسٹنکٹیو انٹرنیشنل عرب فیسٹیول ایوارڈ کا تیسرا ایڈیشن جمعے کے روز دبئی میں منعقد کیا گیا جس میں دنیا بھر کی نامور شخصیات سمیت شوبز ستاروں نے بھی شرکت کی۔
خوبرو اداکارہ ماہرہ خان نے ایوارڈ تقریب میں ہلکے آسمانی رنگ کا لباس زیب تن کیا، 34 سالہ اداکارہ کی ایوارڈ وصول کرتے ہوئے ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
واضح رہے کہ ڈسٹنکٹیو انٹرنیشنل عرب فیسٹیول انتظامیہ اپنے شعبے میں بہترین خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈ سے نوازتی ہے۔
ماہرہ خان کو سال 2017 میں لبنان کے آٹھویں بیروت انٹرنیشنل ایوارڈ فیسٹیول کی تقریب میں بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا جہاں بین الاقوامی سطح پر شہرت پانے اور ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان کی نئی آنے والی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ ہے جس کا ٹریلز ریلیز کیا جاچکا ہے جبکہ فلم رواں سال عید پر ریلیز کی جائے گی۔
دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں ماہرہ خان کے ہمراہ فواد خان، حمزہ علی عباسی شامل ہیں جبکہ فلم کی ہدایت کاری کے فرائض بلال لاشاری نے انجام دئیے ہیں۔
خیال رہے کہ ماہرہ خان بالی ووڈ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، ان کی شاہ رخ خان کے ساتھ فلم رئیس بھی باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی تھی۔