لاہور : سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو پاکستان بند کریں گے تو بانی پی ٹی آئی باہر آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود خان اچکزئی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی کو برا بھلا کہنے نہیں آئے، لاہور ہمارا شہر ہے، ہمارا دل ہے۔ ہم جس جی ٹی روڈ سے آئے ہیں، اسی سڑک سے میاں نواز شریف بھی ریلی کی صورت میں آئے تھے اور ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خاندان سے اپیل ہے کہ ہمارے ساتھ آ کر ایک بار پھر ووٹ کو عزت دو کے نعرے کو مضبوط کریں، اگر ہم سب نے مل کر ہمت کی تو بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آئے گا اور ملک آگے بڑھے گا۔
انہوں نے پولیس سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف وہی احکامات مانیں جو قانون اور آئین کے مطابق ہوں، ہم ظلم مٹانے نکلے ہیں اور ہر اس ادارے اور جماعت کے خلاف ہیں ، جو آئین پاکستان کی مخالفت کرتی ہے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آج سرمایہ دار ملک چھوڑ کر جا رہا ہے جبکہ غریب کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ 8 فروری کو جب پاکستان بند ہوگا تو مذاکرات ہوں گے تاہم مذاکرات اسی صورت ہوں گے جب آئین کی بالادستی تسلیم کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ہم اس حکومت میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو یہ غلط فہمی ہے، ہم کسی صورت اس حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے۔ ہمارا مطالبہ شفاف انتخابات ہیں، جو قانون کے مطابق جیتے وہی حکمرانی کرے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


