اسلام آباد : سابق رکن اسمبلی محمود مولوی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے فیض حمید سے بھرپور فائدے اٹھائے، فیض حمید سے فیض یاب ہونے والوں کا بھی احتساب ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سابق رکنِ قومی اسمبلی محمود مولوی نے کہا ہے کہ فیض حمید سے فیض یاب ہونے والوں کے لیے کوئی اچھی خبر نہیں، جلد ان پر بھی آسمان ٹوٹے گا اور سب کا احتساب ہوگا۔
سابق رکنِ قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ جن جماعتوں کے اندر خود آمریت ہے وہ جمہوریت کی بات کر رہی ہیں، جبکہ فیلڈ مارشل واضح پیغام دے چکے ہیں کہ احتساب کا عمل رکے گا نہیں۔
محمود مولوی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے فیض حمید سے بھرپور فائدے اٹھائے اور ان کی وجہ سے کئی قومی اداروں کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ نیچے سے اوپر تک کرپشن موجود ہے، ملک کی ترقی کے لیے سب کو ایک پیج پر آنا ہوگا اور کسی کو بھی ملک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
سابق رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں آبادی بہت بڑھ چکی ہے، اس لیے انتظامی یونٹس بننے چاہئیں، سندھ میں اگر دو یا تین انتظامی یونٹس بنتے ہیں تو اس میں کوئی قباحت نہیں، جبکہ پیپلز پارٹی پہلے ہی پنجاب میں صوبے کے حق میں قرارداد لا چکی ہے۔
انھوں نے کہا کہ عوام جمہوریت کا فروغ چاہتے ہیں اور اب احتساب سب کے لیے ہوگا، حتیٰ کہ بینیفشریز بھی اس سے نہیں بچ سکیں گے۔
محمود مولوی نے کہا کہ آئی ایم ایف سے اسی وقت چھٹکارا ممکن ہے جب ملکی پالیسیاں واضح ہوں اور تمام ادارے اپنا آئینی کردار ادا کریں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


