لاہور: ہاؤسنگ اسکینڈل کے مرکزی مفرور ملزم محمد قاسم خان کو ابوظہبی سے گرفتار کرلیا گیا ، ملزم نے 295 معصوم متاثرین سے 1.4 ارب روپے سے زائد کا ہولناک فراڈ کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق نیب لاہور، انٹرپول اور پاکستانی حکام نے بیرونِ ملک ایک بڑی مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 1.4 ارب روپے کے ہاؤسنگ اسکینڈل کے مرکزی مفرور ملزم محمد قاسم خان کو ابوظہبی سے گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان نیب لاہور نے بتایا کہ اس ہاؤسنگ اسکینڈل میں جعلی پلاٹس کی فروخت اور جھوٹے وعدوں کے ذریعے 295 معصوم متاثرین سے 1.4 ارب روپے سے زائد کا ہولناک فراڈ کیا گیا تھا۔
کیس میں ملوث دو ڈائریکٹرز کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ مرکزی ملزم محمد قاسم خان طویل عرصے سے قانون کی گرفت سے بچنے کے لیے بیرونِ ملک مفرور تھا۔
ملزم کی گرفتاری نیب آرڈیننس کے تحت جاری کردہ ریڈ نوٹس پر عمل میں آئی ہے، جس کے بعد انٹرپول ابوظہبی نے پاکستانی حکام کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
یو اے ای حکومت نے ملزم کی پاکستان حوالگی کے لیے قانونی دستاویزات طلب کر لی ہیں، جس پر نیب لاہور نے ملزم کو وطن واپس لانے کے لیے انگریزی اور عربی زبانوں میں قانونی دستاویزات کی تیاری ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دی ہے۔


