لاہور: پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کیس میں ڈرون اڑا کر ریکی کرنے والے آپریٹر کی نشاندہی کرلی گئی، ڈرون نے 4 مختلف فلائٹس لیں۔
تفصیلات مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ واردات کا ماسٹر مائنڈ اور 2 مرکزی شوٹرز علاقہ غیر فرار ہو گئے ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ایک خاص ٹیم کو علاقہ غیر روانہ کر دیا گیا ہے۔
تفتیشی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ مقتول عبداللہ طاہر کی ریکی کرنے والے ڈرون آپریٹر کی نشاندہی کر لی گئی ہے، ڈرون آپریٹر نے قتل کے منصوبے پر مکمل عمل درآمد اور عبداللہ طاہر کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے ڈرون کی 4 مختلف فلائٹس لیں۔
پولیس حکام نے کہا کہ کیس پر سائنسی اور جدید لائنز پر کام جاری ہے، اور امید ہے کہ مرکزی شوٹرز اور ماسٹر مائنڈ سمیت واردات میں ملوث تمام ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔


