The news is by your side.

Advertisement

کرونا کیسزمیں اضافے پر سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

کراچی: سندھ حکومت نے کراچی سمیت صوبے میں کرونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر بڑا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے صوبے میں کرونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر تمام دینی مدارس میں تعلیمی سرگرمیاں فوری بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جس میں تمام مدارس میں تدریسی عمل فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

 گذشتہ روز وفاقی المدارس نے مدارس میں تدریسی عمل روکنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سے مدارس کھولنے کا معاہدہ طے ہوچکا ہے جس پر عمل کیا جارہا ہے۔

محکمہ اوقاف نے اسلام آباد کے تمام مدارس کو ہدایت جاری کی جس میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں کی طرح مدارس میں بھی تدریسی عمل روک کر تعلیمی سرگرمیاں تاحکم ثانی بند کردی جائیں، محکمہ اوقات نے ہدایت نامہ بذریعہ خطوط وفاقی دارالحکومت میں قائم تمام مدارس کو ارسال کیا اور منتظمین سے عمل درآمد کرنے کی اپیل بھی کی۔ وفاق المدارس کے سیکریٹری جنرل قاری حنیف جالندھری نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’مدارس محکمہ اوقاف کے ماتحت نہیں ہیں، ہم اپنا کام کرتے رہیں گے‘، انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیرتعلیم کے ساتھ مدارس کے معاملات طے پاچکے ہیں، جس کے مطابق مدارس ایس او پیز کے ساتھ بدستور کھلے رہیں گے اور تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

گذشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے خبردار کیا تھا کہ پورے پاکستان خصوصاً بڑے شہروں میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  کراچی کے مزید علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ

انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19کے بڑھتے ہوئے کیسز میں اضافے کے باعث اسپتالوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے، اس جان لیوا وبا پر قابو پانے کے لیے پوری قوم کا تعاون کرنا بے حد ضروری ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 7.98 فیصد ہے۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ سندھ میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 12.13 فیصد، خیبرپختونخوا میں 11.68 فیصد، بلوچستان میں 9.30 فیصد اور پنجاب میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.39 فیصد ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں