منگل, دسمبر 10, 2024
اشتہار

آپ اندازہ نہیں لگا سکتے غزہ میں آبادی پر کیسی بمباری ہو رہی ہے، ملالہ یوسفزئی

اشتہار

حیرت انگیز

ملالہ یوسفزئی نے غزہ پر اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں وہاں محصور آبادی کی تکلیف دہ صورت حال پر سوشل میڈیا پوسٹ میں دنیا کو متوجہ کرنے کی کوشش کی ہے۔

ایکس اور تھریڈز پر اپنی پوسٹ میں نوبل انعام پانے والی ملالہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ ’’آپ اندازہ بھی نہیں لگا سکتے کہ غزہ میں محصور آبادی پر کتنی اندھا دھند بمباری ہو رہی ہے، جنگ کی قیمت خواتین اور بچے ادا کر رہے ہیں۔‘‘

ملالہ یوسف زئی نے بی بی سی کی ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئی یہ بات کہی، جس میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے غزہ کی تکلیف دہ اور تباہ کن صورت حال اور شہریوں کی ہلاکتوں پر شدید مذمت کی۔

- Advertisement -

ملالہ نے امدادی تنظیم نارویجن ریفیوجی کونسل کے سربراہ جان ایگلینڈ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے الفاظ ہمیں اندر سے ہلا کر رکھ دیتے ہیں، جان ایگلینڈ نے جمعہ کو بی بی سی کو بتایا کہ انھوں نے غزہ کے حالیہ دورے میں جو تباہی اور مایوسی دیکھی وہ ناقابل یقین ہے۔

 

View on Threads

 

انھوں نے کہا ’’شاید ہی کوئی عمارت ایسی ہو جسے نقصان نہ پہنچا ہو، اور بڑے علاقے دوسری جنگ عظیم کے بعد اسٹالن گراڈ کی طرح نظر آئے، آپ اندازہ نہیں لگا سکتے کہ اس محصور آبادی پر یہ اندھا دھند بمباری کتنی شدید رہی ہے۔‘‘

جان ایگلینڈ نے کہا ’’یہ بچے اور خواتین ہیں جو اس بے ہودہ جنگ کی سب سے زیادہ قیمت ادا کر رہے ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے غزہ میں جنگ میں مارے جانے والے شہریوں کی بڑی تعداد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھ ماہ کے عرصے کے دوران تصدیق شدہ اموات میں سے 70 فی صد خواتین اور بچے تھے۔

یو این ایجنسی کے مطابق اتنی زیادہ تعداد میں عورتوں اور بچوں کی اموات کی وجہ یہ ہے کہ اسرائیلی فورسز نے گنجان آبادی والے علاقوں میں وسیع اثرات کے حامل ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ یو این رپورٹ میں کہا گیا کہ غزہ میں بین الاقوامی قوانین کی زبردست خلاف ورزیوں کی کی گئی، جن سے ’’جنگی جرائم اور دیگر ممکنہ مظالم کے جرائم‘‘ کے خدشات پیدا ہوئے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں