لندن: پاکستانی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کو گزشتہ روز ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی نئی فلم ’زیرو‘ پسند آگئی۔
تفصیلات کے مطابق ملالہ یوسف زئی نے جمعے کے روز فلم زیرو دیکھی اور شاہ رخ سمیت فلم کے پوری کاسٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اپنے ایک پیغام میں پاکستانی بیٹی کا کہنا تھا کہ ’ہیلو شاہ رخ خان، میں نے اپنی فیملی کے ہمراہ آپ کی فلم دیکھی جو بہت اچھی اور تفریح سے بھرپور ہے‘۔
مزید پڑھیں: شاہ رخ خان ایک بار پھر ’ زیرو ‘
ملالہ یوسف زئی نے شاہ رخ خان کی اداکاری کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’باؤا سنگھ کا کردار بہت مشکل تھا جسے آپ نے بہت اچھی طرح سے نبھایا‘۔
قبل ازیں ملالہ یوسفزئی شاہ رخ خان کو دعوت دے چکی ہیں وہ آکسفورڈ یونیورسٹی آکر لیکچر دیں اور اُن سے خصوصی ملاقات کریں۔
ٹویٹر پر گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’میں شاہ رخ خان کی بہت بڑی مداح ہوں اور مجھے یقین ہے کہ وہ ایک دن آکسفورڈ یونیورسٹی آکر لیکچر دیں گے اور اسی دوران میری اُن سے ملاقات ممکن ہوگی‘۔
یہ بھی پڑھیں: فلم ’زیرو‘ سے کیا سبق ملتا ہے؟ کنگ خان نے بتادیا
یاد رہے کہ ہدایت کار آنند ایل رائے کی فلم زیرو میں شاہ رخ خان (باؤا سنگھ)، انوشکا شرما (عافیہ یوسف زئی)، کترینہ (ببیتا کماری) نے مرکزی کردار ادا کیا، فلم گزشتہ روز ریلیز ہوئی جس نے باکس آفس پر ایک روز میں 20 کروڑ چودہ لاکھ روپے کا کاروبار کیا۔