ملاوی: جنوب مشرقی افریقا کے ملک ملاوی میں ایک سابق ڈپٹی اسپیکر نے پارلیمنٹ کے اندر خود کو گولی مار دی۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کے دن ملاوی کے سابق ڈپٹی اسپیکر کلیمنٹ چیویا نے پارلیمنٹ ہاؤس میں پستول سے خود کشی کر لی۔
کلیمنٹ چیویا دو سال قبل دفتر چھوڑتے وقت ملنے والی گاڑی کے اخراجات سے متعلق بات چیت کے لیے وھیل چیئر پر پارلیمنٹ گئے تھے۔
پچاس سالہ چیویا نے 2019 میں اپنی پانچ سالہ مدت کے اختتام پر اپنی سرکاری گاڑی خرید لی تھی، لیکن انھوں نے چھ ماہ بعد پیش آنے والے حادثے میں ہونے والے نقصانات کی ادائیگی کے لیے پارلیمنٹ سے رجوع کیا تھا، وہ چاہتے تھے کہ پارلیمنٹ کی جانب سے یہ ادائیگی ہو۔
پولیس ترجمان جیمز کڈزیرا نے جمعرات کو پیش آنے والے واقعے کی تصدیق کی ہے لیکن فی الحال مکمل تفصیل فراہم کرنے سے گریز کیا ہے، پارلیمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق ڈپٹی اسپیکر نے پارلیمنٹ کی عمارت میں خودکشی کر لی۔
Former deputy Speaker of #Malawi Parliament and seasoned politician Clement Chiwaya shoot himself dead at Parliament following frustrations with his vehicle scheme entitlement. Turning, turning in the widening gyre, the centre cannot hold…. pic.twitter.com/kNE0F6vWnq
— Jack McBrams (@mcbrams) September 30, 2021
گاڑی سے متعلق پارلیمنٹ کا مؤقف ہے کہ حادثے کے وقت گاڑی کی انشورنس ختم ہو چکی تھی، پارلیمنٹ بیان کے مطابق سابق ڈپٹی اسپیکر معذور ہو چکے تھے اور وہ وھیل چیئر پر پارلیمنٹ گئے، اس لیے ان کی سیکیورٹی چیکنگ زیادہ سخت نہیں کی گئی تھی۔
پارلیمنٹ بیان میں اس واقعے کو چیویا کی سروس کی شرائط کے اطلاق پر ان کی مایوسی سے جوڑا گیا ہے، بیان کے مطابق چیویا گاڑی کے نقصانات کی ادائیگی پارلیمنٹ سے کروانا چاہتے تھے، وہ یہ کیس عدالت بھی لے کر گئے جہاں یہ کیس تاحال زیر التوا ہے۔