تازہ ترین

مقبوضہ کشمیر، ملائیشیا نے حمایت کا اعلان کردیا

کوالالمپور: ملائیشیا نے مقبوضہ کشمیر کے معاملےپر خصوصی بیان جاری کرتے ہوئے پرامن حل کی حمایت کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ملائیشین وزارت خارجہ کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے خصوصی بیان جاری کیا گیا جس میں ملائیشیا  نے ایک بار پھر مقبوضہ جموں و کشمیر کے پائیدار اور پرامن حل کی حمایت کا اعلان کیا۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق ملائیشین وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر بن محمد 8 اگست کو بھی مسئلہ کشمیر پر تفصیلی بیان جاری کرچکے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق ’’ملائیشیا مسئلہ جموں و کشمیر کا پرامن اور پائیدار حل چاہتا ہے کیونکہ مقبوضہ وادی کا پرامن حل خطے کے استحکام اور خوشحالی کیلئے ضروری ہے‘‘۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ختم

وزارتِ خارجہ کے مطابق ملائیشیا مسئلہ کشمیر کا ایسا حل چاہتاہے جو تمام فریقوں خصوصاًکشمیریوں کیلئے قابل قبول ہو۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملائیشیا سیکیورٹی کونسل میں مسئلہ کشمیر کے زیربحث ہونے سے بھی آگاہ ہے۔

یاد رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے لیے 5 اگست کو آرٹیکل 370 اور 35اے کے خاتمے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد دنیا بھر میں تشویش پائی گئی۔ مودی سرکاری نے آرٹیکل ختم کرنے کے بعد وادی میں کرفیو نافذ کیا ہوا ہے۔

Comments

- Advertisement -