ملائیشیا کے وزیرِاعظم انور ابراہیم کی جانب سے یہ اعلان سامنے آیا ہے کہ ان کی حکومت غزہ کے لیے روانہ ہونے والے عالمی انسانی امدادی مشن گلوبل صمود فلوٹیلا 2.0 میں براہِ راست شرکت کرے گی۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملائیشیا کے وزیرِاعظم انور ابراہیم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ یہ مشن 80 سے زائد ممالک کی شمولیت سے منعقد کیا جا رہا ہے اور ملائیشیا کی براہِ راست شرکت فلسطینی عوام کے حقوق کے دفاع اور انسانی انصاف کے قیام کے لیے عالمی اخلاقی جدوجہد کا تسلسل ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ سرحد، نسل یا مذہب سے بالاتر ہو کر انسانی حقوق اور انصاف کے لیے آواز اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ملائیشیا کے وزیرِاعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملائیشیا فلسطینی عوام کی مدد اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے گا کیونکہ ایک باوقار اور آزاد فلسطین کے قیام کے لیے انصاف میں مزید تاخیر نہیں کی جا سکتی۔
غزہ میں جنگ بندی کے باوجود 100 سے زائد بچے شہید
واضح رہے کہ ماضی میں اسرائیل نے غزہ جانے والے کئی امدادی بحری جہازوں پر حملے کیے، ان کا سامان ضبط کیا اور جہازوں پر موجود کارکنوں کو گرفتار کرکے ڈی پورٹ کردیا۔
اسرائیلی بحریہ نے گزشتہ اکتوبر میں غزہ کے لیے روانہ ہونے والی عالمی صمود فلوٹیلا کے 40 سے زائد کشتیوں پر حملہ کر کے انہیں قبضے میں لے لیا تھا، جبکہ 450 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرلیا تھا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


