The news is by your side.

Advertisement

پاکستان افغان جنگ کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہیں کرنے دے گا، ملیحہ لودھی

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان جنگ کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہیں کرنے دے گا۔

تفصیلات کے مطابق نیویارک میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل کے افغان مباحثہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغان سرزمین پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیئے۔

ملیحہ لودھی نے بتایا کہ افغان حکومت سے کہہ دیا ہے کہ الزام تراشیاں خطے کے مفاد میں نہیں ہیں جبکہ کابل میں بعض حلقوں کی الزام تراشیوں پر پاکستان تحمل کا مظاہرہ کررہا ہے۔ ’پاکستان اور افغانستان کے لوگ تاریخی اقدار اور برادرانہ تعلقات رکھتے ہیں جبکہ پاکستان افغان پناہ گزینوں کی کئی دہائیوں سے مہمان نوازی کر رہا ہے‘۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ عالمی برادری متفق ہے کہ افغان امن عمل مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔ عالمی افواج نے 15 سال تک افغانستان پر جنگ مسلط کی لیکن وہ وہاں امن لانے میں ناکام رہے۔ افغانستان میں امن کسی فوجی آپریشن سے ممکن نہیں۔

افغانستان میں امن و امان کی بدترین صورتحال پر پاکستانی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب یہ افغانیوں پر منحصر ہے کہ وہ کون سا راستہ اختیار کرتے ہیں تاہم پاکستان افغان حکومت کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کرنے کو تیار ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں