اسلام آباد: پاکستان کی سابق سفیر اور تجزیہ کار ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ پر قبضے کی تیاری کر رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں ملیحہ لودھی نے کہا کہ مغرب کی جانب سے جو پوزیشن اختیار کی گئی ہے وہ اسرائیل کی حمایت میں ہے، مسلم دنیا اور عرب حکومتوں کی جانب سے خاموشی ہے۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ او آئی سی نے اچھا بیان دیا ہے لیکن مایوسی مضبوط پوزیشن نہ لینے والے مسلم ملکوں کی حکومتوں سے ہے۔
سابق سفیر نے کہا کہ حماس کا حملہ اسرائیل کیلیے سرپرائز تھا اور اسرائیل نے کارروائیاں بھی شروع کر دی ہیں، دیکھنا ہوگا خطہ اب کس طرف جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایران نے حماس کو سپورٹ کیا ہے، اسرائیل کی طرف سے جوابی کارروائی آئے گی، اسرائیل نے جو پہلے ظلم کیا ہے اس سے کہی زیادہ ظلم یہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ جنگ بندی ہو، دیکھنا ہوگا مسلمان کی طرف سے اس پر کیسا ردعمل آتا ہے، مغربی ممالک نے ہمیشہ اسرائیل کی حمایت ہی کی ہے، سمجھتی ہوں یو این سکیورٹی کونسل کا ایمرجنسی اجلاس ہوگا۔