نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کی انسانی بنیادوں پرامداد کوسیاسی مفادات کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے مشرق وسطیٰ سے متعلق مباحثے کے دوران خطاب کرتے ہوئے شام ، یمن کے تنازعات کے مذاکرات سے حل کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
پاکستانی سفیرنے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے کئی علاقے پُرتشدد اورعدم استحکام کی لپیٹ میں ہیں، مشرق وسطیٰ میں قیام امن کا امکان پہلے سے کہیں زیادہ دورہوچکا ہے۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ غزہ میں پُرامن فلسطینی مظاہرین کا خون بہایا جا رہا ہے، اسرائیلی بستیوں کی غیرقانونی توسیع بلاروک ٹوک جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق قراردادوں سے انحراف کیا گیا۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ فلسطینی مہاجرین کے لیے امداد کی بندش کا امریکی فیصلہ افسوس ناک ہے، فلسطینیوں کی انسانی بنیادوں پرامداد کو سیاسی مفادات کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ایجنسی کی امداد بند کرنے کے فیصلے سے کشیدگی پیدا ہوئی، واقعات کے تسلسل سے مشرق وسطیٰ میں نا امیدی، مایوسی نے جنم لیا۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں قیام امن ، باہمی تعاون کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا، عالمی برادری فلسطین کے دو ریاستی فارمولے کے لیے آواز بلند کرتی رہے۔