اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی ملنا پاکستان کے لیے اعزاز ہے، دنیا کو بچانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے، ہم ری چارج پاکستان پروجیکٹ شروع کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان آج ماحولیات کے عالمی دن کی میزبانی کر رہا ہے، اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت تقریب منعقد کی گئی ہے، تقریب میں ورلڈ اکنامک فورم کے صدر نے پاکستان کو عالمی ماحولیات دن کی میزبانی کرنے پر مبارک باد دی۔
ملک امین اسلم نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ایک ارب درخت لگا دیے گئے ہیں، اور 9 ارب مزید لگائیں گے، 85 ہزار افراد کو روزگار دیا گیا ہے، مزید نوکریاں بھی دیں گے، ملک میں نیشنل پارکس بنائے جا رہے ہیں، اور نوجوانوں کو ٹریننگ اور نوکری دے رہے ہیں۔
پریزیڈنٹ ورلڈ اکنامک فورم بورگ برینڈے نے عالمی یوم ماحولیات پر پیغام دیا کہ دنیا کو ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے، ماحولیاتی نظام کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ دنیا کو ماحولیاتی آلودگی کے چیلنجز کا سامنا ہے، دنیا کو ہماری مدد کی ضرورت ہے، ہمیں اپنے شہروں کو سرسبز کرنا ہوگا، مستقبل محفوظ بنانے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت تقریب جاری ہے، تقریب میں اسپیکر اسمبلی سمیت دیگر وزرا شریک ہیں، تقریب کے آغاز میں وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر وڈیو دکھائی گئی، تقریب چینی صدر، برطانوی وزیر اعظم بھی خطاب کریں گے۔
اس ایونٹ میں پاکستان کی پہلی ماحول دوست موٹر بائیک اور الیکٹرک کار متعارف کرائی جائے گی۔