اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک کرامت علی کھوکھر کا کہنا ہے کہ مریم نواز قوم کو گمراہ نہیں کرسکتیں اور نہ ہی شریف برادران کی کرپشن پر پردہ ڈال سکتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک کرامت علی کھوکھرنے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اقدامات سے عوام کو عارضی طور پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر اب ملکی معیشت مستحکم ہونے کی جانب گامزن ہے جس سے عوام کو بہتر نتائج ملیں گے۔
ملک کرامت علی کھوکھرنے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے چوروں کو جیلوں میں ڈالنے کا جو اعلان کیا تھا اس پر عملدرآمد کیا جارہا ہے کوئی کرپٹ انشاءاللہ بچے گا نہیں، لوٹی گئی دولت واپس لیں گے۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ مریم نواز قوم کو گمراہ نہیں کرسکتیں اور نہ ہی شریف برادران کی کرپشن پر پردہ ڈال سکتی ہیں کیونکہ تمام کرپشن کے ثبوت حکومت کے پاس موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوٹی گئی ایک ایک پائی کا حساب لیا جارہا ہے، شریف برادران نے جو بویا تھا آج انہیں وہی کاٹنا پڑ رہا ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک کرامت علی کھوکھر کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب اسلامی جمہوریہ پاکستان کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ اور خوشحال ممالک میں ہونے لگے گا۔