ملک ریاض نے خود سے منسوب حالیہ آڈیو کو جعلی قرار دے دیا

اسلام آباد : چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے خود سے منسوب حالیہ آڈیو کو جعلی قرار دے دیا اور کہا میں اس معاملے پر قانونی چارہ جوئی کا ارادہ رکھتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خود سے منسوب حالیہ آڈیو کو جعلی قراردے دیا۔
اپنے بیان میں ملک ریاض نے کہا کہ آڈیو ٹیپ ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کی ایک مثال ہے ، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جھوٹی گفتگو گھڑے جانے پر حیرت نہیں ہونی چاہیے۔
— Malik Riaz Hussain (@MalikRiaz_) June 5, 2022
ان کا کہنا تھا کہ میں کسی پارٹی کی سیاسی مہم کاحصہ بننا نہیں چاہتا،خوفناک بات یہ ہےکہ میری آواز ذاتی اورسیاسی انتقام کیلئےاستعمال کی جارہی ہے،اب میری فیملی کوبھی ملوث کیا جارہا ہے، مجھے ان حملوں پر کراہیت آرہی ہے۔
ملک ریاض نے کہا کہ میں اس معاملےپرقانونی چارہ جوئی کاارادہ رکھتاہوں،میں اس سازش کے پیچھےکرداروں کے خلاف ہرقانونی فورم استعمال کروں گا، من گھڑت مواد بنانے یا اس کوپھیلانے والوں سے باز پرس ہوگی۔