اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں غذائی قلت پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا، اس سلسلے میں نیوٹریشن ایڈوائزری گروپ کا پہلا اجلاس طلب کر لیا گیا۔
ذرایع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے غذائی قلت پر قابو پانے کے لیے نیوٹریشن ایڈوائزری گروپ کا پہلا اجلاس طلب کر لیا۔
نیوٹریشن ایڈوائزری گروپ اجلاس کی صدارت ڈی جی ہیلتھ کریں گے، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی اس اجلاس میں شریک ہوں گے۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ نیوٹریشن کے قومی اور عالمی ماہرین ایڈوائزری گروپ اجلاس میں شرکت کریں گے، ورلڈ بینک، یورپی یونین، ورلڈ فوڈ پروگرام ، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، نیوٹریشن انٹرنیشنل، ڈی ایف آئی ڈی کے نمائندے بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔ جب کہ ایچ ایس اے اور سول سوسائٹی بھی ایڈوائزری گروپ اجلاس میں شریک ہوگی۔
وازرت صحت کے ذرایع کا کہنا ہے کہ نیوٹریشن ایڈوائزری گروپ اجلاس میں غذائی قلت کی صورت حال پر غور ہوگا، گروپ قومی و عالمی اداروں سے رابطے اور پالیسیز وضع کرے گا۔
اجلاس میں غذائی قلت کی صورت حال پر مکمل روڈ میپ تیار کیا جائے گا، ذرایع کے مطابق ایڈوائزری گروپ اس سلسلے میں نیشنل نیوٹریشن ایکشن پلان بھی ترتیب دے گا جسے پھر وزیر اعظم کو ارسال کیا جائے گا، اس پلان میں صوبائی تجاویز بھی شامل کی جائیں گی۔