اسلام آباد: صدرِ مملکت ممنون حسین آئندہ روزچینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پرچین روانہ ہورہے ہیں۔
صدر مملکت کے ترجمان کے مطابق صدر مملکت کا یہ سرکاری دورہ 1 ستمبر سے 4 ستمبر تک جاری رہےگا۔
عوامی جمہوریہ چین کے دورے کے موقع پر چینی صدر اوردیگر اعلیٰ شخصیات سے ملاقات کے علاوہ جنگ عظیم دوئم کی یاد میں ہونے والی ملٹری پریڈ میں بھی شریک ہوں گے۔
دونوں سربراہانِ مملکت کی جانب سے باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور پر گفتگو کی جائے گی اور علاقائی امور سے متعلق عالمی تبدیلیوں کا جائزہ لیاجائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور چین دو طرفہ علاقائی تعاون اور دوستی کے رشتے سے بندھے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان انتہائی اعلیٰ سطح پر تعلقات قائم ہیں۔ چینی صدر شی جن پنگ اپریل 2015 میں پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں جس میں پاک چین اقتصادی راہداری کے قیام کے منصوبے کو حتمی شکل دی گئی تھی۔
صدر مملکت کے دورہ چین سے پاکستان اور چین کی صدا بہار دوستی کو مزید استحکام ملے گا اور سیاسی، تجارتی علاقائی تعاون کو فروغ ملے گا۔