سرگودھا : ایف آئی اے نے سرگودھا میں کارروائی کر کے بچوں کی نازیبا فلمیں بنانے اور ان کی ترسیل کا کام کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے سرگودھا سے ایک ملزم کو حراست میں لے لیا جو معصوم بچوں کی نازیبا ویڈیوز بناتا تھا اور پھر اسے فروخت کیا کرتا تھا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کا نام سعادت امین ہے جو سرگودھا کا رہائشی ہے اور بچوں کی نازیبا ویڈیوز بناکے اس کی ترسیل و فروخت میں ملوث ہے،ملزم کے خلاف کارروائی ناروے کی ایک ایمبیسی کی شکایت پر کی گئی، گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
متعدد نازیبا ویڈیوز، لیپ ٹاپ اور یو ایس بیز بھی برآمد
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے متعدد نازیبا ویڈیوز، لیپ ٹاپ اور یو ایس بیز بھی برآمد کیں ہیں جنہیں شواہد کے زمرے میں جمع کرایا جائے گا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم ان فلموں کے ذریعے بیرون ملک سے پیسے وصول کرتا تھا جس کے نیٹ ورک کی تلاش جارہی ہے اور جلد گروہ کے تمام ارکان کو حراست مٰن لے کر قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔