The news is by your side.

Advertisement

لاہور، شہری کو سڑک پر تشدد کا نشانہ بنانے والا شخص گرفتار

لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں سڑک پر شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے والے شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں لاہور کے علاقے کیولری گراؤنڈ کے سگنل پر ایک شخص اپنی مہنگی گاڑی سے اتر کر شہری کو فٹ پاتھ پر تشدد کا نشانہ بنا رہا تھا۔

ملزم نے شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ اُس پر کھلے عام پستول بھی تانی، سارا منظر سگنل پر کھڑی گاڑی میں بیٹھے نوجوان نے ویڈیو میں ریکارڈ کیا اور پھر اسے سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر ہونے کے بعد پنجاب پولیس متحرک ہوئی اور سب سے پہلے تشدد کا شکار شہری کی شناخت کر کے اُس کے پاس بیان ریکارڈ کرنے پہنچی۔

پولیس حکام کے مطابق متاثرہ شخص کی شناخت گلشان شہزاد کے نام سے ہوئی جو کالج روڈ باغبانپورہ کا رہائشی ہے، بعد ازاں پولیس نے تشدد کرنے والے شخص کو گرفتار کیا جس کی شناخت عقیل مرزا کے نام سے ہوئی۔

ملزم نے پولیس کو بیان دیا کہ عقب سے آنے والی گاڑی نے میری کار کو ٹکر ماری اور پھر ڈرائیور نے بدتمیزی شروع کردی جس پر مجھے طیش آگیا اور پھر میں نے پستول نکال لی۔ عقیل مرزا نے دعویٰ کیا کہ مدعی پارٹی نے پہلے مجھے تشددکانشانہ بنایا۔ جنوبی چھاؤنی پولیس نے ملزم عقیل مرزا کی گاڑی کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔

علاوہ ازیں پولیس نے متاثرہ شہری اور ملزم عقیل مرزا کو میڈیا پر آنے سے روک دیا۔ حکام کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کی ہدایت پر دونوں کو میڈیا پر آنے سے روکا گیا۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں