مبارکہ الکبیر: کویت میں مقیم سعودی شہری نے بہن اور اہلیہ کے جھگڑوں سے تنگ آکر پولیس کو مدد کے لیے گھر پر بلالیا۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے شہری نے مبارکہ الکبیر کی پولیس ہیلپ لائن پر کال کر کے بتایا کہ بہن اور بیوی مل کر اُس سے جھگڑا کررہے ہیں۔
سعودی شہری کی شکایت کے بعد کویت پولیس نے مذکورہ نمبر پر فوری رابطہ کیا اور پھر اُس کی مدد کے لیے بتائے گئے مقام پر پہنچے۔
مزید پڑھیں: خاتون نے پولیس افسر کا بازو چبا ڈالا
پولیس کی نفری گھر پہنچنے پر شہری نے بتایا کہ اُس کی بیوی اور بہن نے گھریلو تنازع کے بعد مجھے تشدد کا نشانہ بنایا، وہ اب گھر کے اندر میرا انتظار کررہے ہیں تاکہ دونوں مل کر مجھے ماریں۔ شہری نے پولیس کو بتایا کہ دونوں نے اُس وقت چڑھائی کی جب بچے قریب میں موجود نہیں تھے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس کی نفری اپنے ہمراہ تینوں کو تھانے لے کر گئی جہاں شہری کی مدعیت میں شکایت درج کر کے معاملے کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پبلک پرسیکیوشن کے حوالے کردیا۔