بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ایلورو ضلع میں پٹاخوں سے بھری بوری بائیک پر لے جانے والا شہری موت کے منہ میں چلا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ’پیاز بم‘ کی بوری لے جانے والے بائیک سوار کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی جس میں ایک موقع پر زوردار دھماکا ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
حادثے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 5 شدید زخمی ہوئے۔ پٹاخوں میں دھماکا اُس وقت ہوا جب بائیک کا اگلا ٹائر ایک گڑھے میں لگا اور پٹاخے پھٹ پڑے۔
ہلاک ہونے والے شہری کی شناخت سدھاکر کے نام سے ہوئی جو بائیک چلا رہا تھا۔ زخمیوں میں تبیلو سائی، سوارا ششی، کے سری نواس راؤ، ایس کے کھدر، سریش اور ستیش شامل ہیں۔
پولیس حکام نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو سرکاری اسپتال منتقل کیا۔
’پیاز بم‘ نامی پٹاخے کی شکل گول پیاز کی طرح ہوتی ہے۔ جب اسے سلگایا جاتا ہے تو اس میں زوردار دھماکا ہوتا ہے اور پھر دھواں اٹھتا ہے۔