کراچی : شہر قائد میں 8 سالہ بچے کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا، پولیس نے بچے کی لاش لے جانے والے ملزم کو گرفتار کرکے والد کی مدعیت میں قتل اور بدفعلی کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک اور بچہ زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا، ایف بی ایریا شفیق کالونی میں 8 سالہ بچے کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔ پولیس نے زیادتی اور قتل کے شبے میں ایک ملزم کو حراست میں لیکر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک مشکوک شخص بچے کی لاش پھینکنے جارہا تھا جسے مکینوں نے پکڑ لیا، شہریوں نے ملزم کو پولیس کے حوالے کیا ہے، جس کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ شروع کردی جبکہ بچے کی لاش کو اسپتال منتقل کیا، جہاں مقتول کی شناخت 8 سالہ حارث کے نام سے ہوئی۔
بچے کے گلے پر تشدد کے نشانات موجود ہیں جبکہ زیر حراست ملزم کی شناخت سمیع اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔
عباسی اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ورثا کا کہنا تھا کہ جان بحق بچہ ایف بی ایریا شفیق کالونی کا ہی رہائشی ہے، بچہ آج شام سے لاپتہ تھا، جسے رات گئے تک تلاش کرتے رہے لیکن وہ نہیں ملا، رات گئے مشکوک شخص سے بوری میں بند لاش ملی۔
زیر حراست ملزم سمیع اللہ بچے کا پڑوسی ہے جسے بچے کی لاش سمیت پکڑا گیا، پولیس نے والد کی مدعیت میں قتل اوربدفعلی کامقدمہ درج کرلیا ہے، والد نے الزام لگایا کہ ملزم سمیع اللہ نے بیٹے سے بدفعلی کی بعد اسکو قتل کیا یہ پہلے بھی علاقے میں ایک بچے سے زیادتی کرچکا ہے۔
عباسی شہید اسپتال میں پوسٹمارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کی گئی پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کے مطابق پوسٹمارٹم کے دوران بچے سے زیادتی کے شواہد ملے ہیں، حتمی طور پر کیمیکل اگزامن کی رپورٹ آنے کے بعد کہا جاسکے گا۔
کیمیائی تجزیہ کے لئے حارث کے سیمپل جاصل کرلئے گئے ہیں اور حارث کی لا ش تدفین کے لئے ورثہ کے حوالے کردی گئی ہے۔