شارجہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں بزرگ شہری اس وقت جان کی بازی ہار گیا جب سوئمنگ پول کا انسٹرکٹر ناشتہ کرنے چلا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق شارجہ میں 29 سالہ ایشین لائف گارڈ کی غفلت کے سبب 65 سالہ بزرگ شہری جان کی بازی ہار گیا، افسوسناک واقعہ شارجہ کے المجاز علاقے میں ہوٹل کے سوئمنگ پول میں پیش آیا۔
ایشیائی بزرگ شہری کو سیکیورٹی گارڈ نے نکالنے کے بعد فوری طور پر القاسمی اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے چھ گھنٹے تک بزرگ شہری کی جان بچانے کی کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لائف گارڈ کی سوئمنگ پول کے پاس ڈیوٹی تھی لیکن وہ ناشتہ کرنے چلا گیا جس کے نتیجے میں یہ حادثہ رونما ہوا۔
مزید پڑھیں: تیراکی سیکھتے ہوئے 11 سالہ بچہ سوئمنگ پول میں ڈوب کر ہلاک
سوئمنگ پول کے لائف گارڈ کا کہنا ہے کہ مجھے ناشتہ کرنے میں پانچ منٹ لگے، میں نے اپنے ساتھی کو فون کرکے کہا کہ ہوٹل کے سوئمنگ پول میں کوئی ڈوب رہا ہے۔
میں جب پول کے پاس پہنچا تو دیکھا کہ سیکیورٹی گارڈ بزرگ شہری کو ریسکیو کرنے کی کوشش کررہا تھا، فوری طور پر ایمبولینس طلب کرکے مقتول کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جان کی بازی ہار گیا۔
شارجہ پولیس نے لائف گارڈ کو حراست میں لے کر دوران ڈیوٹی غفلت برتنے کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے مختلف شہروں میں سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہونے کے واقعات تواتر کے ساتھ ہورہے ہیں جبکہ اس پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔