اتوار, نومبر 10, 2024
اشتہار

بلند ترین عمارت پر چڑھنے والا نوجوان، ویڈیو دیکھ لوگ خوفزدہ

اشتہار

حیرت انگیز

لندن : برطانیہ کی بلند ترین عمارت پر چڑھنے والے نوجوان کو لینے کے دینے پڑگئے، پولیس نے دو ساتھیوں سمیت گرفتارکرلیا۔

ایڈونچر کا شوقین نوجوان ایڈم لاک ووڈ برطانیہ کی پلند ترین عمارت دی شارڈ پر بغیر کسی سہارے کے چڑھ گیا، اس خوف ناک منظر کو نیچے کھڑے لوگ حیرت سے دیکھتے رہے۔

جب تک وہ نوجوان عمارت سے نیچے آیا تب تک اسے دیکھنے والوں نے پہلے ہی اس منظر کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی تھیں۔

- Advertisement -

غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایڈم لاک ووڈ کو دنیا کی متعدد بلند ترین عمارتوں کو سر کرنے کے حوالے سے شہرت حاصل ہے۔

گزشتہ اتوار کے روز انہیں صبح 5 بجے کے قریب بلند ترین عمارت دی شارڈ پر چڑھتے اور فلک بوس چوٹی پر سیلفی لیتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

اطلاع ملتے ہی میٹرو پولیٹن پولیس، لندن فائر بریگیڈ اور لندن ایمبولینس سروس موقع پر پہنچ گئیں اور نوجوان کو نیچے اتارا جس کے بعد صورتحال پر قابو پالیا گیا۔

اس کارروائی کے دوران پولیس نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے دی شارڈ کے ارد گرد کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تھا۔

پولیس نے فوری طور پر 21سالہ نوجوان لاک ووڈ اور اس کے دو ساتھیوں کو حراست میں لے لیا، ملزمان کو عوامی پریشانی پیدا کرنے اور بلا اجازت عمارت پر چڑھنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق لاک ووڈ اس سے پہلے بھی کئی اونچی عمارتوں پر چڑھنے کے کامیاب تجربے کرچکا ہے۔

وہ ایک بار میلان کے سان سیرو اسٹیڈیم کے رافٹرز سے لٹکا ہوا تھا، اس نے کروشیا کے ایک پاور اسٹیشن پر لمبے شہتیر پر چڑھ کر کچھ پش اپس بھی لگائے تھے۔

لاک ووڈ کسی بھی عمارت پر چڑھنے کیلئے حفاظتی لباس یا اوزار ساتھ نہیں رکھتا۔ اس کی زندگی کا مکمل دارومدار اس کے ہاتھوں کی گرفت اور اس کی جسمانی طاقت پر منحصر ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں