جمعرات, مارچ 27, 2025
اشتہار

چور کی اے ٹی ایم مشین لوٹنے کیلیے عجیب حرکت، ویڈیو وائرل

اشتہار

حیرت انگیز

چور نے اے ٹی ایم مشین کھولنے کے لیے عجیب حرکت کر ڈالی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جب کہ پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کے علاقے اتم نگر میں ایک 34 سالہ ڈاکو نے اے ٹی ایم مشین توڑنے کے لیے توے (فرائی پین) کا استعمال کیا۔ ڈاکو نے پہلے اے ٹی ایم مشین کو مُکے مارے پھر توے سے اس کی دھلائی کر ڈالی تاہم وہ پیسے لوٹنے میں ناکام رہا۔

علاقے کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس شنکر چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ جمعرات کے روز اطلاع ملی تھی کہ ایک شخص اتم نگر میں بینک آف انڈیا کی اے ٹی ایم مشین توڑنے کی کوشش کر رہا ہے، پولیس اطلاع ملنے کے بعد فوری موقع پر پہنچ گئی۔

پولیس نے سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے ملزم کی شناخت کی اور اسے تلاش کر کے گرفتار کرلیا۔ ملزم کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 380 اور 511 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے اے ٹی ایم مشین توڑنے کے لیے استعمال ہونے والا توا بھی برآمد کر لیا۔

اس سے قبل بھارتی شہر نظام آباد کے پدمااونگر میں اے ٹی ایم میں چوری کرنے والا بہرا شخص الارم بجنے کی وجہ سے پکڑا گیا تھا۔ بلدیہ میں صفائی کا کام انجام دینے والا آؤٹ سورسنگ ملازم سنیل مقامی طور پر ایس بی آئی اے ٹی ایم میں چوری کی غرض سے داخل ہوا اور اے ٹی ایم مشین کھولنے کی کوشش کی اس دوران الارم بج گیا۔

سنیل کو بہرا ہونے کی وجہ سے الارم کی آواز سنائی نہیں دی، الارم بجنے پر مقامی افراد کو اے ٹی ایم میں چوری کا شبہ ہوا۔ مقامی افراد نے پولیس کو اس واردات کی اطلاع دی، پولیس اے ٹی ایم مشین پر پہنچی تو تب بھی ملزم اے ٹی ایم کھولنے میں مصروف عمل رہا۔ پولیس نے سنیل کو حراست میں لے کر چوری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے کارروائی کا آغاز کردیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چین میں اے ٹی ایم چور جیسے ہی چوری کے لیے اندر گیا تھا تو دروازہ اچانک لاک ہوگیا تھا جس کے بعد اس نے اسے کھولنے کی کوشش کی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔

ملزم یہ بھول گیا کہ اپنا بچاؤ کیسے کرنا ہے وہ دروازہ کھولنے کی سرتوڑ کوشش کرتا رہا لیکن ناکام رہا۔ اس دوران اے ٹی ایم کا الارم مسلسل بجتا رہا، پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کرلیا تھا، تاہم ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں