راولپنڈی: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں خاتون 22 سالہ شہری زخمی ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں جاری ہیں، بھارتی فوج نے بٹل سیکٹر پر شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 22 سالہ شہری زخمی ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، فائرنگ سے زخمی ہونے والے نوجوان کو طبی امداد کے لیے قریبی میڈیکل سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔
بھارتی فوج کی ایل او سی پر اشتعال انگیزی ، ایک بچہ شہید
اس سے قبل یکم جولائی کو بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیزفائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک بچہ شہید ہو گیا تھا۔
خیال رہے رواں سال بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی 1550 بار خلاف ورزیاں کی گئی ہیں جبکہ شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے 14 افراد شہید اور 114 زخمی ہو چکے ہیں۔