سیالکوٹ: پولیس نے موٹر سائیکل پر نوجوانوں پر فائرنگ کردی، پولیس کی فائرنگ سے 17 سالہ نوجوان زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کی اندھا دھند فائرنگ کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، سیالکوٹ کے علاقے مراد پورہ کی حدود میں پولیس نے موٹرسائیکل نہ رکنے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔
متاثرہ نوجوان کے بھائی نے اپنے بیان میں بتایا کہ شاہ زیب اپنے دوستوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گھر آرہا تھا کہ اندھیرے میں کھڑے پولیس اہلکاروں نے انہیں رکنے کی آواز دی۔
زخمی نوجوان کے بھائی کا کہنا تھا کہ شاہ زیب اور اس کے دوستوں نے شناخت نہ ہونے پر خوف کے باعث موٹر سائیکل نہیں روکی جس پر پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے بعد موٹرسائیکل گری تو دوست بھاگ گئے۔
بھائی کا کہنا تھا کہ حالت نازک ہونے پر شاہ زیب کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے وینٹی لیٹر پر رکھا ہوا ہے کیونکہ اس کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔
بھائی نے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، بھائی کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے اپنے پیٹی بند بھائیوں کو بچانے کےلیے ڈکیتی کا جھوٹا مقدمہ درج کردیا ہے۔
آر پی او کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔