بھارت میں شوہر نے بیوی کو قتل کرکے لاش کے ساتھ سیلفی شیئر کردی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست تمل ناڈو میں شوہر نے مبینہ طور پر بیوی کو غیر ازدواجی تعلقات کے شبے میں قتل کرکے لاش کے ساتھ سیلفی پوسٹ کردی۔
ترونیل ویلی سے تعلق رکھنے والے ملزم بالامورگن نے سری پریا سے شادی کی اور ان کے تین بچے ہیں۔
اہلیہ نجی وجوہات کی بنا پر کوئمبٹور میں خواتین کے ہاسٹل میں رہ رہی تھی اور شوہر سے دور وہاں کام کرتی تھی۔
پولیس کے مطابق بالامورگن کو شبہ تھا کہ سری پریا کسی دوسرے شخص کے ساتھ تعلقات میں ہے، واقعے کے دن وہ ہاسٹل گیا جہاں وہ رہائش پذیر تھی اور اسے اپنے ساتھ آنے کو کہا، اہلیہ نے ساتھ جانے سے انکار کیا تو جھگڑا شروع ہوگیا اس دوران ملزم تیز دھار آلے سے اس پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔
قتل کے بعد پولیس کے آنے تک ملزم لاش کے پاس ہی بیٹھا رہا اور بیوی کی خون میں لت پت لاش کے ساتھ سیلفی بھی لی اور واٹس ایپ اسٹیٹس میں لاش کے ساتھ سیلفی لگا کر کیپشن میں لکھا کہ ’خیانت کی ادائیگی موت ہے۔‘
پولیس نے ملزم بالا مورگن کو گرفتار کرکے معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے۔


