ایرناکولم: بھارت میں پولیس نے بیوی کو قتل کر کے اس کی لاش تقریباً ڈیڑھ سال تک چھپا کر رکھنے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سجیو نامی شخص کی بیوی رامیا اگست 2021 میں اچانک لاپتا ہوگئی تھی تاہم سجیو نے گزشتہ سال فروری میں اس کی گمشدگی کی شکایت پولیس میں درج کرائی۔
پولیس نے رامیا کو ہر جگہ تلاش کیا لیکن اس کا کوئی سراغ نہ ملا۔ سجیو نے پولیس اور سسرال والوں کو بتایا تھا کہ وہ کسی لڑکے ساتھ بھاگ گئی ہے۔
پولیس نے شک کی بنیاد پر سجیو پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کیا اور ایک اسپیشل ٹیم تشکیل دے کر 18 ماہ تک اس کی سخت نگرانی کی گئی جس کے بعد معلوم ہوا کہ اس نے رامیا کو قتل کر کے گھر کے قریب لاش دفن کر رکھی ہے۔
سجیو نے فون کال پر ہونے والے تنازع کے بعد رامیا پر تشدد کیا جس سے وہ ہلاک ہوگئی تھی۔ پولیس نے مقتولہ کی باقیات ڈھونڈ لیں اور مزید تحقتقات جاری ہے۔